تازہ ترین ۲۴ اگست ۲۰۲۶

ڈپٹی کمشنر چمن کمپلیکس میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے گئے

چمن( سید سردار محمد خوندئی )

ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر کمپلیکس ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات اٹھانا تھا۔
کھلی کچہری میں آرمی کے کرنل اسد، ڈی پی او چمن اعتزاز عارف، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین، تاجر برادری، نوجوانوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین، تاجروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، جنہیں متعلقہ حکام کی جانب سے نوٹ کیا گیا۔ شرکاء نے بے روزگاری، شہر میں امن و امان کی صورتحال، نادرا سے متعلق مسائل، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سمیت دیگر اہم عوامی مسائل کی نشاندہی کی۔

ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عوامی شکایات پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا، شہریوں کے مسائل براہِ راست سننا اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانا ہے۔