کوئٹہ(ویب نیوز) سینئر سیاستدان اور سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ عرف شاہ جی کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائے جانے کے عدالتی فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے بلوچستان کی سیاسی تاریخ کا “سیاہ باب” قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور قانونی و سیاسی سطح پر بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی اور قومی حقوق کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے فیصلے سیاسی اختلاف رائے کو دبانے کا تاثر دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مسائل کا حل صرف مکالمے اور جمہوری عمل کے ذریعے ممکن ہے جبکہ اس فیصلے کے خلاف ہر ممکن قانونی اور سیاسی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
