اسلام آباد (صداقت انٹرنیشنل مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا اور دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا مسلم ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا جبکہ سی پیک چینی صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی مظہر ہے جو پاکستان کی معیشت، روزگار اور ترقی کیلئے انتہائی اہم منصوبہ ثابت ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ون چائنہ پالیسی کی حمایت کی، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، کان کنی اورمعدنیات کو ترجیح دی جارہی ہے جبکہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
