پاکستان ۳۰ اگست ۲۰۲۶

چین کی پاکستان میں 3.5 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری منظور

اسلام آباد(ویب نیوز) چین کے نجی شعبے کی جانب سے پاکستان میں اب تک کی سب سے بڑی 3.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے مطابق سی پیک کے تحت بی ٹو بی بنیاد پر دھابیجی، ضلع ٹھٹھہ سندھ میں مجوزہ فالکن آئل ریفائنری اینڈ اسٹوریج کمپلیکس کو سی پیک میں شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور سیکریٹریٹ نے بھی منصوبے کی توثیق کردی ہے۔ حکام کے مطابق بورڈ آف انویسٹمنٹ منصوبے کو سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ کوآپریشن گروپ میں پیش کرے گا۔ مجوزہ کمپلیکس میں 40 لاکھ ٹن خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی گنجائش اور 50 میگاواٹ کا کیپٹو پاور پلانٹ شامل ہوگا، جبکہ ریفائنری میں یورو 5 معیار کے مطابق ایندھن تیار کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق منصوبے سے پاکستان کی مقامی ریفائننگ صلاحیت میں اضافہ، تیار پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر انحصار میں کمی اور توانائی کے تحفظ میں بہتری کی توقع ہے۔