تازہ ترین ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

چینی وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، خودمختاری کی حمایت کا اعادہ.

کوئٹہ(ویب نیوز) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران کی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ وانگ یی نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے، جسے برقرار رکھتے ہوئے مذاکرات کا عمل فوری طور پر بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اور دیگر ممالک کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور آبنائے ہرمز کے مسئلے کے حل میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، تاہم ایران اب بھی مذاکرات کا خواہاں ہے اور خطے میں مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ نازک صورتحال میں ایران اور چین کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔