کوئٹہ/گوادر (ویب نیوز): چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر کی کارکردگی، درپیش ضروریات اور توسیعی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ مالی سال کے فنڈز کی دوبارہ فراہمی، ایم آر آئی مشین، جدید ڈائیلاسز یونٹ، آئی سی یو، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، آپریشن تھیٹرز، جدید لیبارٹری، نوزائیدہ بچوں کے انکیوبیٹرز اور آنکھوں، ای این ٹی اور امراضِ قلب کے خصوصی شعبے قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر مکران کے عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے والا اہم طبی مرکز بن چکا ہے، حکومت ہسپتال کو جنوبی بلوچستان کا جدید اور مثالی طبی ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل اور فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی۔
