چمن(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے زیراہتمام پشتونخوامیپ کے چیئرمین و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے دورہ چمن عید کے تیسرے دن جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی قائم مقام سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی کی صدارت میں ضلع کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید کے تیسرے دن گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول کے پلے گراؤنڈ میں مرکزی جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ۔محمود خان اچکزئی کی چمن آمد اور انکے جلوس کی تاریخی پرتپاک فقیدالمثال شاندار استقبال جلسہ عام کی کامیابی نظم و ضبط برقرار رکھنے ٹریفک پلان کار پارکنگ خیر مقدمی وال چاکنگ قدآور تصاویر پورٹریٹ ،پارٹی جھنڈے لہرانے، سٹیج تیار کرنے ،پنڈال سجانے ،سیکورٹی سمیت مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور گراؤنڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکورٹی کلیئرنس کیلئے ڈپٹی کمشنر ضلع چمن سے ملاقات کی گئی جبکہ انتظامات مزید تیز کرکے آخری مراحل میں داخل ہیں اس دوران متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے پارٹی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کٹھن حالات میں پارٹی سربراہ کا چمن کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس دورے کے دو رس نتائج برآمد ہونگے ایک اور سنگ میل عبور ہوگا ۔خطہ آج جن حالات سے دوچار ہیں اس کی ہماری رہبری بہت پہلے نشاندہی کرچکی ہے ۔پارٹی چیئرمین ملکی اور بین الاقوامی حالات پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے عوام کو مستقبل کے خطرات اور چیلنجز سے باخبر کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑی فخر کی بات ہے کہ آج تمام جمہوری جماعتیں ہمارا بیانیہ اور ہماری زبان بول رہے ہیں جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کی کشمکش میں تمام عوام دوست ،قوم دوست ،جمہوریت پسند عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے چمن اور جنوبی پشتونخوا کے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ ضرور چمن آئیں اور جلسہ میں شرکت کریں۔
