چمن(ویب نیوز) جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ نے اعلان کیا ہے کہ ضلع چمن میں بے روزگاری، چمن بارڈر کی مسلسل بندش، بدامنی، ڈکیتی اور چوری کی بڑھتی وارداتوں کے خلاف جماعت اسلامی چمن کے زیر اہتمام 23 جولائی کو جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے سے امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ مرتضیٰ خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس سے بارڈر کی بندش کے باعث چمن اور سرحدی علاقوں کے لاکھوں افراد معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بارڈر کی بندش کا مقصد امن و امان کا قیام تھا تو اس کے باوجود دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کے واقعات کیوں جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چمن بارڈر فوری طور پر کھولا جائے، عوام کے روزگار کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ عوام سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی۔
