دالبندین (ویب نیوز) ضلع چاغی کے علاقے چاغی شہر میں مسلح افراد کی جانب سے مختلف سرکاری تنصیبات پر حملوں اور قبضے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس تھانے، سرکاری دفاتر اور بینکوں کے اطراف موجودگی قائم کی، پولیس تھانے کو آگ لگائی، ریکارڈ اور سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جبکہ ایک ایمبولینس ساتھ لے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ واقعے کے بعد شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
