پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

چاروں صوبوں سے ملنے والی فیڈرل گرانٹس دفاع اور اہم قومی امور پر خرچ ہوں گی، اسحاق ڈار

اسلام آباد (ویب نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی فیڈرل گرانٹس دفاع سمیت دیگر اہم قومی معاملات پر خرچ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام میں صوبوں کا کردار قابلِ تحسین ہے اور یہ قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس نے ایران پر حملے کی مذمت کی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک سفارتی کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی کوششوں سے عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور 47 سال بعد ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست مذاکرات ہوئے، جن میں پاکستان نے ثالث کا کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 28 فروری کے بعد 52 ممالک کے وزرائے خارجہ اور عالمی رہنماؤں سے رابطے کیے گئے، جس کے باعث آج پاکستان کو دنیا میں “پیس میکر” ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش کے دوران حکومت نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سبسڈی بھی فراہم کی تھی۔