کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی مرکزی کال پر یکم اور 2 نومبر کو بلوچستان بھر میں ڈاکٹروں نے دو روزہ ہڑتال کی۔ پی ایم اے بلوچستان کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں صبح 9 سے 10 بجے تک او پی ڈیز علامتی طور پر بند رہیں، جبکہ نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں اختیاری طبی خدمات معطل رہیں۔ تنظیم نے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غفور شورو پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پی ایم اے نے 72 ڈاکٹروں کی مبینہ برطرفی پر شفاف تحقیقات اور قانونی طریقہ کار اختیار کرنے پر زور دیا، جبکہ اس سے قبل 25 ڈاکٹروں کی برطرفی کو بھی غلط قرار دیا گیا۔ تنظیم نے ڈاکٹروں پر عائد بی آر اے اور ایف بی آر ٹیکس نوٹیفکیشنز واپس لینے، طبی عملے کو تحفظ دینے اور برطرف ڈاکٹروں کے معاملے میں شوکاز نوٹس اور شفاف انکوائری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
