کوئٹہ(ویب نیوز) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی صدر رزاق عاصم نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سمسٹر فیسوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھاری فیسوں کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معاشی طور پر کمزور صوبہ ہے جہاں بیشتر طلبہ کا تعلق غریب اور متوسط گھرانوں سے ہے، اس لیے بھاری سمسٹر فیس کی یکمشت ادائیگی والدین اور طلبہ کے لیے انتہائی مشکل ہے اور متعدد طلبہ تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور یونیورسٹی حکام سے مطالبہ کیا کہ فیسوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، طلبہ کو ریلیف اور فیس اقساط میں جمع کرانے کی سہولت دی جائے جبکہ مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور مالی معاونت کے مواقع میں اضافہ کیا جائے تاکہ بلوچستان کے نوجوان مالی مشکلات کے بغیر تعلیم جاری رکھ سکیں۔
