کوئٹہ(ویب نیوز) پیٹرول پمپ مالکان نے حکومت کے پیٹرول ریلیف پیکیج کے تحت سستا پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسکیم سے لاعلمی اور طریقۂ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کے حکومتی پیکیج سے انہیں آگاہ نہیں کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین انوار کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم کی تیاری میں ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی اور حکومت سستے پیٹرول کی رقم ڈیلرز کو کیسے ادا کرے گی، اس حوالے سے تین روز سے رابطہ کیا جا رہا ہے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اربوں روپے کے واجبات پہلے ہی زیر التوا ہیں، اس لیے ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ ڈیلرز پر ڈالنا قابلِ عمل نہیں۔
