کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل)جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ مرکزی ترجمان سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے رجحان کے باوجود پاکستانی حکومت کی جانب سے قیمتیں بڑھانا عوام دشمنی کا ثبوت ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روپے کم کر کے پچاس سے اسی روپے تک کا بھاری اضافہ کرنا عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے۔عبدالستار شاہ چشتی نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران آئی ایم ایف کی شرائط کے سامنے گھٹنے ٹیک چکے ہیں اور ان کی ناقص پالیسیوں و کرپشن کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس سے عام شہری کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ جے یو آئی نظریاتی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر حالیہ اضافہ واپس لے، عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے۔
