کراچی/حیدرآباد (ویب نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود اس کے مثبت اثرات عام شہریوں تک منتقل نہ ہو سکے، جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود دودھ، دہی، چینی، گھی، خوردنی تیل، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی نہیں آئی، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔حیدرآباد میں دودھ 240 روپے فی لیٹر، دہی 340 روپے فی کلو، چینی 140 سے 150 روپے، گھی 590 سے 600 روپے اور خوردنی تیل 600 سے 700 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کراچی میں بھی ٹماٹر 300 روپے فی کلو سمیت متعدد سبزیوں کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی ریلیف صارفین تک پہنچانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
