کوئٹہ (ویب نیوز) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اشیائے خوردونوش، سبزیوں، پھلوں، دالوں اور گوشت کی قیمتیں بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا گیا اور روزمرہ استعمال کی بیشتر اشیا مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، جس سے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول کمیٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
