کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر مزید معاشی مشکلات مسلط کرنے کے مترادف ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہ راست اثرات ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں پر پڑیں گے اور مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، جس سے پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار عوام مزید متاثر ہوں گے۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور مہنگائی کے خلاف خاموش نہیں رہے گی۔
