مقامی ۱۴ ستمبر ۲۰۲۶

پٹرولیم لیوی میں مسلسل اضافہ عوام پر معاشی بوجھ ہے، سید امان شاہ

کوئٹہ (ویب نیوز) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے پٹرولیم لیوی میں اضافے اور وزیراعظم کی جانب سے موٹر سائیکل و آٹو رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے اعلان کردہ ریلیف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل نئے ٹیکسز اور لیویز عائد کرکے پہلے سے مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف گاڑیوں کے مالکان تک محدود نہیں رہتے بلکہ اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ، ادویات، بجلی، تعمیراتی سامان اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا بھی مہنگی ہوجاتی ہیں، جس کا براہ راست بوجھ عام شہری برداشت کرتا ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی مالی بوجھ بن چکی ہے، حکومت کو چاہیے کہ عوام کی قوت خرید، آمدن اور موجودہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز اور لیویز میں کمی کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں افراد موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ کو روزگار اور روزمرہ سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس لیے ایسا ریلیف جو عوام کو فوری اور براہ راست فائدہ نہ دے، محض اعلان تک محدود رہتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں براہ راست کمی، پٹرولیم لیوی میں کمی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں استحکام اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے مؤثر معاشی پیکیج کا اعلان کرے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کو ریلیف فراہم کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور مہنگائی پر قابو پانا ہے، جبکہ عوام پاکستان پارٹی عوام کے بنیادی معاشی حقوق، شفاف حکمرانی اور باعزت زندگی کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔