مقامی ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶

پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ حکومتی ڈاکہ، عوام کو مارنے کے مترادف ہے، بلوچستان اسمبلی ارکان

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی ڈاکہ قرار دیا اور کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی قیمت پاکستانی عوام سے وصول کی جا رہی ہے۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے زمرک خان اچکزئی، جمعیت علما اسلام کے رکن اسمبلی میر زابد علی ریکی اور مولانا نور اللہ نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے حکومت سے فیصلوں پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو نظام کی خرابی اور صوبوں کی تقسیم جیسے مباحث میں الجھایا جا رہا ہے، جبکہ حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار ہمیشہ قائم نہیں رہتا اور اگر عوام اپنے حقوق، ناانصافی اور استحصال کے خلاف میدان میں نکل آئے تو حکمرانوں اور انہیں اقتدار میں لانے والوں کے لیے حالات مشکل ہوسکتے ہیں۔