مقامی ۵ مئی ۲۰۲۶

پولیس کی سرپرستی میں ہزار گنجی جرائم پیشہ عناصر کا مرکز بن رہا ہے ، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (صداقت انٹرنیشنل نیوز )پشتونخواملی عوامی پارٹی تحصیل سریاب کے جاری کردہ بیان میں سریاب تحصیل بالخصوص ہزار گنجی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کے جان ومال کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ ٹرک اڈاہ ، سبزی وفروٹ منڈی ، چلتن رئیسانی ، اختر آباداور دیگر علاقوں میں چوری ،ڈکیتی ، سٹریٹ کرائمز ، فائرنگ کی وارداتوں سے تاجر ، دکاندار، مزدور ،ٹرانسپورٹرز ، ماشہ خور سمیت تمام شہری سخت مشکلات اور کاروباراور زندگی مکمل عدم تحفظ سے دوچار ہیں ۔ جرائم پیشہ عناصر ان کے کمین گاہوں سے پولیس مکمل آگاہ ہے لیکن کسی بھی واردات کے بھی ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے میں پولیس مکمل اپنی ذمہ داریوں میں غفلت برت رہی ہے جبکہ متاثرین کو ہی پولیس تھانوں میں تنگ کرنا اور انہیں ایف آئی آر نہ کرنے اور مایوسی کا شکاربناکر واپس بھیجا جاتا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس کا ہزار گنجی کے متعلقہ شالکوٹ پولیس تھانے کے ایس پی ، ڈی ایس پی ، ایس ایچ او اور تمام عملے کی کارکردگی کا نوٹس لیکر عوام کے سرومال کے تحفظ اور پولیس تھانے کو سائلین وعوام کے شکایات کو حل کرنے کی آماجگاہ بنانا چاہیے جبکہ اس وقت پولیس تھانہ جرائم پیشہ عناصر ، مافیاز کی سرپرستی اور ہزار گنجی جرائم پیشہ عناصر کا مرکز بن چکا ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امن وامان کو یقینی بنانے اور ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے دیگر صورتحال میں پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ متعلقہ پولیس تھانے کے تمام آفیسران وعملے کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوں گی ۔