پنجگور(ویب نیوز): کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز میجر جنرل ظفر اقبال نے سیاسی و سماجی شخصیات، علما کرام، قبائلی عمائدین اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں سے اجلاس میں امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور میں امن کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ رخشان ندی پر ڈیم کی تعمیر، سرحدی علاقوں چیدگی اور پروم جانے والی سڑکوں کی بہتری، تعلیمی اداروں اور صحت مراکز میں سہولیات کی فراہمی پر کام تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور متبادل روزگار کی طرف توجہ دیں اور زرعی قرضے صرف مقررہ مقاصد کے لیے استعمال کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے بعد میجر جنرل ظفر اقبال نے چتکان بازار میں نئی کار پارکنگ کا افتتاح کیا اور بعد ازاں پنجگور پریس کلب کا مختصر دورہ بھی کیا۔
