مقامی ۱۲ ستمبر ۲۰۲۶

پنجگور میں مادر اینڈ چائلڈ ویک 14 ستمبر سے شروع ہوگا، 17 ہزار بچوں کو ڈی ورمنگ گولیاں دی جائیں گی

کوئٹہ (ویب نیوز) پنجگور میں مادر اینڈ چائلڈ ویک 14 ستمبر سے 19 ستمبر تک جاری رہے گا، مہم کے دوران ضلع بھر میں 2 سے 5 سال عمر کے 17 ہزار بچوں کو ڈی ورمنگ گولیاں دی جائیں گی جبکہ حاملہ خواتین کو ٹی ٹی اور ٹی ڈی ویکسین لگائی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں فکس سینٹرز کے علاوہ گھر گھر جاکر بچوں کو گولیاں دیں گی اور ایسے بچوں کی بھی نشاندہی کی جائے گی جو کسی وجہ سے ویکسین یا دوا سے محروم رہ گئے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران، ملازمین اور سماجی کارکنوں نے آگاہی واک میں بھی شرکت کی۔