مقامی ۲۱ جون ۲۰۲۶

پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، فتنہ الہندوستان کے تین دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ویب نیوز)پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو علاقے میں کالعدم عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں تخریبی سرگرمیوں، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور شہریوں میں خوف پھیلانے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی ہے جسے تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔