تازہ ترین ۲۱ اگست ۲۰۲۶

پنجگور میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

پنجگور(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد موٹرسائیکلوں پر سوار تھے اور ایک بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ و گولہ بارود، تین گاڑیاں، دو موٹرسائیکلیں اور ایک آئی ای ڈی برآمد کی گئی، جبکہ ایک کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی سکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا۔ سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مقامی آبادی کے خلاف لوٹ مار، بھتہ خوری، تاوان کے لیے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھے اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی بھی کررہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔