پنجگور (صداقت ویب سائٹ)پنجگور کے علاقے سوردو میں نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے سوردو کے علاقے میں پہلے سے پوزیشن سنبھال رکھی تھی اور جیسے ہی گاڑی وہاں سے گزری، انہوں نے اسے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود حاتم نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ حلیم اور بہروز شدید زخمی ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے لاش اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے مقتول کی ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے اور حملے کی وجوہات معلوم کرنے سمیت ملزمان کی گرفتاری کے لیے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
