مقامی ۵ ستمبر ۲۰۲۶

پنجپائی کے راستے پیاز کی اسمگلنگ بلوچستان کے زمینداروں کا معاشی قتل ہے، زمیندار ایکشن کمیٹی

کوئٹہ(ویب نیوز) زمیندار ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے پنجپائی کے راستے پیاز سمیت ہمسایہ ممالک سے پھلوں اور سبزیوں کی مبینہ بڑے پیمانے پر اسمگلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر لائی جانے والی زرعی اجناس سے بلوچستان کے مقامی زمیندار شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ زمیندار پانی کی قلت، بجلی کے مسائل، مہنگی کھاد، بیج، زرعی ادویات، ڈیزل اور دیگر پیداواری اخراجات برداشت کرکے فصلیں تیار کرتے ہیں، تاہم اسمگل شدہ اجناس کی بھرمار سے مقامی پیداوار کی قیمتیں متاثر ہوتی ہیں اور زمیندار بعض اوقات اپنی فصل لاگت سے بھی کم قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجپائی سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور زرعی اجناس کی غیر قانونی نقل و حمل و اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ترجمان نے حکومت سے مقامی زراعت کے تحفظ، سستی بجلی، زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے بجلی کی فراہمی، معیاری بیج و کھاد، کولڈ اسٹوریج، مارکیٹ تک رسائی اور فصلوں کے لیے منافع بخش نرخوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کا سلسلہ نہ روکا گیا تو بلوچستان میں زراعت سے وابستہ لاکھوں افراد کا روزگار اور صوبے کی زرعی معیشت مزید متاثر ہوسکتی ہے۔