پاکستان ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

پشتون عوام کے شناختی کارڈز کی بلاجواز بندش غیر آئینی اور امتیازی عمل ہے، فوری بحالی کا مطالبہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں ملک بھر، بالخصوص پشتون بلوچ صوبے، خیبرپختونخوا اور دیگر پشتون علاقوں میں ہزاروں شہریوں کے قومی شناختی کارڈز بلاجواز بلاک کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی، امتیازی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شناختی کارڈ کی بندش سے متاثرہ شہری بینکاری، روزگار، تعلیم، علاج، جائیداد، سفری سہولیات، ووٹ اور دیگر بنیادی شہری حقوق سے محروم ہو رہے ہیں، جو آئین پاکستان کی متعدد دفعات اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے منافی ہے۔ پارٹی نے وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور نادرا سے مطالبہ کیا کہ تمام بلاجواز بلاک کیے گئے شناختی کارڈ فوری بحال کیے جائیں، شفاف تحقیقات کرائی جائیں، متاثرین کو فوری ریلیف دیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو پارٹی عوام سے مشاورت کے بعد آئینی و جمہوری طریقے سے احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔