مقامی ۴ جون ۲۰۲۶

پشتونوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، نواب ایاز خان جوگیزئی

*قلعہ سیف اللہ (صداقت ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام قلعہ سیف اللہ کے علاقے ادوالہ کلی علوزئی میں منعقدہ شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ پشتونوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ پشتون ٹرکوں کو جلانے، ڈرائیوروں کو قتل و زخمی کرنے اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات اب ناقابلِ برداشت ہو چکے ہیں جن کی روک تھام ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اور پشتون بھائی چارہ ایک تاریخی حقیقت ہے لیکن اس کے نام پر پشتون قوم کے ساتھ ناانصافی اور حقوق سے محرومی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وسائل کی لوٹ مار، پشتون املاک پر حملوں، ٹرکوں کو نذر آتش کرنے اور محنت کش کان کنوں کے قتل کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ اجتماع میں ملک سیف اللہ علوزئی، حاجی احسان اللہ علوزئی، میرداد آکا علوزئی، غفار آکا علوزئی، طور آکا علوزئی اور عطاء محمد جلالزئی کی قیادت میں 85 افراد نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ نئے کارکنوں کے لیے تنظیمی یونٹ بھی قائم کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری ثقافت حیات اللہ میرزئی، ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی اور تحصیل صدر عزیز احمد عزیز نے بھی خطاب کرتے ہوئے سیاسی شعور، آئینی جدوجہد، زمینوں کے تحفظ، نوجوانوں کی سیاسی شمولیت اور شہری حقوق کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر نئے شامل ہونے والے کارکنوں سے حلف لیا گیا اور علاقہ ادوالہ میں پارٹی کے نئے یونٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔