کوئٹہ (ویب نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے سانحہ زیارت کے خلاف کوئلہ پھاٹک پر جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع، قومی خودمختاری، عزت، ترقی اور تعلیم کے لیے تمام قوموں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سانحہ زیارت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جاتا ہے تو شفاف تحقیقات کے لیے چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام کو پہلے عہدوں سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون پاکستان کو توڑنا نہیں چاہتے بلکہ ملک میں برابری، آئین کی حکمرانی اور اپنے جائز حقوق چاہتے ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے تمام پشتون علاقوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک بڑے قومی جرگے کے انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل پر مقامی آبادی کا حق تسلیم کیا جائے، مائنز اینڈ منرلز بل واپس لیا جائے، زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ منسوخ کی جائے اور تمام مسائل کا حل آئین، جمہوریت، انصاف، باہمی احترام اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔
