مقامی ۲۶ اگست ۲۰۲۶

پشتونخوا کی تمام سیاسی جماعتیں مشترکہ جدوجہد شروع کریں خوشحال کاکڑ

قلعہ سیف اللہ( ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن کی تمام سیاسی، جمہوری و مذہبی جماعتیں اور عوام مشترکہ ایجنڈے کے تحت متحد ہو کر جدوجہد کا آغاز کریں، پشتونخوا نیپ اس تحریک میں صفِ اول کا کردار ادا کرے گی اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، انہوں نے کلی تلری جوگیزئی میں پارٹی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمود خان جوگیزئی اور ان کے ساتھیوں سمیت 88 خاندانوں کی پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا، خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتون قوم کو بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی، معاشی مشکلات اور روزگار و تجارت کی پابندیوں سمیت سنگین مسائل کا سامنا ہے، افغانستان کے ساتھ تجارت پر پابندیوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو پہنچنے والے نقصانات نے صورتحال مزید مشکل بنا دی ہے، انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن قدرتی و معدنی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود عوام بنیادی سہولیات اور روزگار سے محروم ہیں، پشتونخوا نیپ قومی وحدت، قومی واک و اختیار، وسائل پر قومی کنٹرول، قومی برابری اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور موجودہ حالات میں قومی اتحاد و اتفاق کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔