کوئٹہ (ویب نیوز): عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن اس وقت امن و امان، سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات سمیت سنگین چیلنجز سے دوچار ہے، جنہوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مسلم باغ میں ضلع قلعہ سیف اللہ کی ضلعی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، مرکزی سیکرٹری ملک امان اللہ خان کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ زیارت ایک قومی المیہ ہے، جس کے تمام حقائق سامنے لانا اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار، انسانی حقوق، امن اور پشتون و بلوچ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور پارٹی کارکنوں پر اتحاد، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سیاسی ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیا گیا۔
