قلعہ سیف اللہ(صداقت ویب نیوز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ آج پشتون وطن بدامنی، غربت، بے روزگاری، جبری محرومی، قومی وسائل کی لوٹ مار، زمینوں کی ناروا الاٹمنٹ، سیاسی بے اختیاری اور معاشی پسماندگی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے، جبکہ عوام کو تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور وسیع اراضی سے مالا مال ہونے کے باوجود پشتون علاقوں کے عوام بدحالی اور محرومی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ ان کے وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد مقامی آبادی کے بجائے دیگر حلقوں کو منتقل کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے زیرِ اہتمام علاقہ گوال اسماعیل زئی میں رفیع الدین خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل، زمینوں اور دیگر قومی اثاثوں پر غیر منصفانہ پالیسیوں اور قبضے کے باعث مقامی آبادی کو اپنے ہی وسائل کے ثمرات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی وسائل پر پہلا حق ان علاقوں کے عوام کا ہے جہاں یہ وسائل موجود ہیں، اور وسائل پر مقامی عوام کا حق تسلیم کیے بغیر ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کو درپیش مسائل کا حل انفرادی کوششوں میں نہیں بلکہ قومی شعور، سیاسی بیداری، تنظیمی استحکام اور اجتماعی جدوجہد میں مضمر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، طلبہ، دانشوروں اور تمام قومی و جمہوری قوتوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر اپنے قومی حقوق، وسائل پر اختیار اور آئینی تحفظ کے لیے منظم جدوجہد کریں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے روابط مزید مضبوط بنائیں اور تنظیم کو نچلی سطح تک فعال کریں۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 42 افراد نے اپنی سابقہ جماعتوں سے استعفی دے کر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نئے شامل ہونے والوں میں شیر محمد اسماعیل زئی کی قیادت میں 37 افراد جبکہ شفا الدین کی قیادت میں 5 افراد شامل تھے۔ تقریب سے پارٹی کے صوبائی سیکریٹری مالیات اور چیئرمین میونسپل کمیٹی قلعہ سیف اللہ سید اکبر کاکڑ، علما ونگ کے سینئر معاون مولوی شاہ خالد، سردار تورے آکا اسماعیل زئی، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (PSO) کے ضلعی سیکریٹری عزیز ارین اور گوال اسماعیل زئی کے سینئر معاون کریم الدین نے بھی خطاب کیا اور نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
