مقامی ۱۲ مئی ۲۰۲۶

پشتونخوا نیپ میں شمولیت اس بات کی مظہر ہے کہ پارٹی کے اصولی بیانیے اور نظریں پر عوام کا اعتماد دن بدن بڑ رہاہے

کوئٹہ (ڈیلی صداقت ویب نیوز)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے ، کوئٹہ شہر علاقائی سیکریٹری سید عبداللہ آغا، ستار روڈ ابتدائی یونٹ کے سیکریٹری قدرت اللہ خلجی نے کہاہے کہ مختلف سیاسی سماجی شخصیات کی آئے روز پشتونخوا نیپ میں شمولیت اس بات کی مظہر ہے کہ پارٹی کے اصولی بیانیے اور نظریں پر عوام کا اعتماد دن بدن بڑ رہاہے۔ اور ایک خوش آئند اقدام ہے اور پارٹی اپنے عوام کے ملی امنگوں کی حقیقی ترجمان بن کر پارٹی کے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پشتون ملی نجات کے تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر علاقائی یونٹ کی جانب سے ستار روڈ پر پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جن افراد نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، ان میں سید ذوالفقار آغا، نقیب خان، عقیل خان، عمان خان، ہدایت اللہ ، رحمان آغا ، اسد خان، نعیم خان، عبدالباری، رحمت اللہ ، ملک خان، افتخار خان نیازی، حبیب خان، مہراللہ خان اور شاہ رسول شامل تھے۔ شرکاء￿ نے نئے ساتھیوں کی شمولیت کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط، منظم اور فعال ہوگی۔ جس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پارٹی کی قومی و جمہوری جدوجہد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ مقررین نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو دلی مبارکباد اور خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون قومی تحریک کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے، جو قومی حقوق، جمہوری اقدار، امن، ترقی، سماجی انصاف اور عوام کی مشترکہ خوشحالی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کے دفاع، قومی تشخص کے تحفظ اور محکوم اقوام کے جمہوری حقِ خودارادیت کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی حالات میں باشعور عوام کی جانب سے قومی سیاسی تحریک کے ساتھ وابستگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اپنے مسائل کا حل قومی اور جمہوری سیاست میں دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کو درپیش مسائل، بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، سیاسی بے یقینی اور قومی محرومیوں کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط، منظم اور نظریاتی سیاسی جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے پیغام، قومی شعور اور جمہوری فکر کو گھر گھر پہنچائیں، عوام کے ساتھ مضبوط رابطے قائم کریں اور تنظیم کو مزید فعال، متحرک اور مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو قومی سیاست میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ مستقبل میں ایک پرامن، ترقی یافتہ، باوقار اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی قومی حقوق، جمہوریت، عوامی خوشحالی، امن اور ترقی کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی اور ہر قسم کی ناانصافی، محرومی اور جبر کے خلاف عوام کی آواز بنتی رہے گی۔