کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں افغانستان کے 107ویں یومِ استقلال کے موقع پر افغان ملت اور دنیا بھر میں آباد افغانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے افغانستان کی آزادی، قومی خودمختاری اور سامراجی تسلط کے خلاف تاریخی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 19 اگست افغانستان کی تاریخ کا عظیم اور قابلِ فخر دن ہے، جو افغان عوام کی آزادی اور قومی خودمختاری کے لیے تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ پارٹی نے شاہ غازی امان اللہ خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں افغان عوام نے 1919ء میں قومی آزادی اور استقلال حاصل کیا، جبکہ بعد ازاں انہوں نے افغانستان کو جدید، ترقی پسند اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا۔ پارٹی نے کہا کہ حقیقی استقلال اسی وقت مضبوط اور بامعنی ہوسکتا ہے جب افغان عوام کو سیاسی، معاشی، سماجی اور آئینی معاملات میں اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کا مکمل حق حاصل ہو۔ بیان میں افغانستان کے موجودہ حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور خواتین و بچیوں کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رکھا جائے۔ پارٹی نے افغانستان کے تمام سیاسی، قومی، مذہبی اور سماجی طبقات کی حقیقی نمائندگی پر مشتمل لویہ جرگہ بلانے اور اس کے ذریعے متفقہ آئین تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا، جس کے تحت آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں اور اقتدار عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام، قومی اتحاد اور ترقی عوام کی حقیقی سیاسی شرکت، جمہوری اصولوں، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق کے احترام اور مساوی شہری حقوق سے ہی ممکن ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے افغانستان کی آزادی، خودمختاری، قومی وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے افغانستان کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی مخالفت کی اور کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، عدم مداخلت، برابری، امن اور دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ پارٹی نے امید ظاہر کی کہ افغانستان ایک آزاد، خودمختار، متحد، پُرامن، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاست کی حیثیت سے دنیا میں اپنا باوقار مقام حاصل کرے گا۔
