کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور آزادی صحافت، جمہوری اقدار اور فکری آزادی کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان پرنٹ میڈیا کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس کی قیادت چیئرمین بلوچستان پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن سید انور شاہ کر رہے تھے۔ ملاقات میں مقامی اخبارات کو درپیش مالی بحران، اشتہارات کی بندش اور میڈیا پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور پرنٹ میڈیا کو کمزور کرنا دراصل جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی صحافی برادری اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی رہے گی اور آزادی اظہار کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔
