کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل صدر کے ایگزیکٹیو اور تحصیل کمیٹی کے علیحدہ علیحدہ اجلاس تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی کی زیر صدارت منعقد ہوئے، جس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نوابزادہ اسفند یار جوگیزئی، ضلع ایگزیکٹیوز اور ضلع کمیٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی کارروائی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی نے سرانجام دی۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ کی سیاسی و تنظیمی رپورٹس پیش کی گئیں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ فیصلوں کے مطابق، عید کے تیسرے روز چمن میں پارٹی چیئرمین، تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے زیر صدارت منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں کوئٹہ سے بھرپور انداز میں شرکت کی جائے گی۔پارٹی رہنماں نے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ملک کو ایک حقیقی جمہوری فیڈریشن بنانے، 1973 کے آئین کے تحفظ، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کے لیے تاریخی جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنے تنظیمی ڈھانچوں کو مضبوط بنائیں اور پارٹی ڈسپلن کی پابندی کریں۔ رہنماں نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور گیس کی مسلسل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے بلوں کی ادائیگی کے باوجود عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ اور مہنگائی و بدامنی پر قابو نہ پایا گیا، تو عوامی غصہ کسی بھی وقت شدید احتجاج کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔
