کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی اور جنوبی پشتونخوا صوبائی ایگزیکٹیوز کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالروف لالا کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں 29، 30 اور 31 اگست کو منعقد ہونے والے جنوبی پشتونخوا عوامی جرگے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں پارٹی کے سیاسی و تنظیمی امور سمیت ملک کو درپیش سنگین بحرانوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا عوامی جرگہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے نمائندگان شرکت کرکے اپنے تجاویز پیش کریں گے اور پرامن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک کی صورتحال اور صوبے میں جاری بدامنی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ امن کے قیام کے لیے مسلح گروہوں کے خاتمے اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہوری نظام کی مضبوطی اور تمام قوموں پر مشتمل حقیقی وفاق کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں کی آزادی، این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی حقوق کا تحفظ جمہوری نظام کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔
