مقامی ۳ جولائی ۲۰۲۶

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے پر شدید ردعمل

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے سابق فاٹا، مالاکنڈ ڈویژن اور برٹش بلوچستان کے مختلف اضلاع سے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے شدید ناانصافی قرار دیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں نہ صنعتیں قائم کی گئیں اور نہ ہی کاروبار کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ سرکاری پالیسیوں کے باعث تجارت اور روزگار پہلے ہی شدید متاثر ہیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات میں بھی پشتون اضلاع کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر ٹیکس استثنیٰ بحال کریں اور پشتون علاقوں کے ساتھ امتیازی رویہ ترک کریں، بصورت دیگر عوامی تعاون سے احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔