کوئٹہ (ویب نیوز)قلعہ سیف اللہ میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچر فورم نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دو ماہ کے اندر فورم کی مرکزی کانگریس منعقد کی جائے گی، جس میں جمہوری اور شفاف انتخابات کے ذریعے نئی قیادت اور عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق اس تنظیمی اجلاس میں انجینئرز، آرکیٹیکٹس، ٹاؤن پلانرز اور مختلف تکنیکی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس میں تنظیمی امور، آئندہ لائحہ عمل اور پیشہ ور افراد کے کردار پر تفصیلی غور کیا گیا۔ فورم نے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کرنے والے تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد جمہوریت، آئین کی بالادستی اور انسانی حقوق کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔ فورم نے تمام انجینئرز، آرکیٹیکٹس، ٹاؤن پلانرز اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی کانگریس کی تیاریوں کو تیز کریں اور تنظیم کو مزید فعال و مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
