پاکستان ۴ اگست ۲۰۲۶

پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کیسکو لیبر یونین کی 13 سالہ قانونی جدوجہد کی کامیابی قرار

کوئٹہ (ویب نیوز)کیسکو لیبر یونین بلوچستان کے صدر پیر محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ہائیڈرو یونین کا اسٹے آرڈر ختم کرنے اور نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ ان کی 13 سالہ قانونی اور جمہوری جدوجہد کی بڑی کامیابی ہے۔ یونین کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واپڈا کی تنظیمِ نو کے بعد ہر بجلی تقسیم کار کمپنی ایک آزاد انتظامی ادارہ ہے، اس لیے ہر کمپنی کے ملازمین کی نمائندہ یونین بھی اسی کمپنی کی سطح پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی آر سی کے فیصلے کے بعد ہائیڈرو یونین نے مختلف عدالتوں سے حکمِ امتناع حاصل کیے تھے، تاہم اب پشاور ہائی کورٹ نے کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ پیر محمد کاکڑ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ریفرنڈمز ہر کمپنی کی سطح پر ہوں گے اور بلوچستان ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمے کا فیصلہ بھی ملازمین کے حق میں آئے گا۔ اجلاس کے دیگر مقررین نے عزم ظاہر کیا کہ کیسکو لیبر یونین ملازمین کے حقوق، ملازمتوں کے تحفظ، ترقیوں، سروس اسٹرکچر اور دیگر مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور آئندہ ریفرنڈمز کے لیے بھرپور مہم چلائے گی۔