پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

پشاور ہائیکورٹ کا قائد اعظم اور اہلخانہ کو ملک بدر نہ کرنے کا حکم، نادرا سے 30 روز میں رپورٹ طلب

پشاور (ویب نیوز): پشاور ہائیکورٹ نے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک کے رہائشی قائد اعظم، ان کی اہلیہ اور چھ بچوں کو ملک بدر نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ درخواست گزاروں کی شناختی دستاویزات کی تصدیق کر کے 30 روز کے اندر عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔ دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کے دوران نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کا مؤقف سنا۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قائد اعظم پاکستان اور دبئی میں کاروبار کرتے ہیں، باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور خاندان کے دیگر افراد کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ موجود ہیں۔ دوسری جانب نادرا نے مؤقف اختیار کیا کہ شناختی کارڈ مشکوک ہونے کی بنیاد پر بلاک کیے گئے اور متعدد نوٹسز کے باوجود مطلوبہ تصدیق مکمل نہیں کی گئی۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو ملک بدر نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نادرا سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔