پشاور (صداقت ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکینِ صوبائی اسمبلی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو خط لکھ کر پارٹی نظریے، منشور اور بانی پی ٹی آئی کے وژن سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ خط میں ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ کسی گروہ، دھڑے یا شخصیت کے ایجنڈے پر کام نہیں کر رہے اور خود کو کسی مخصوص گروپ سے منسوب نہیں کرتے۔ ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کی جانے والی احتجاجی سرگرمیاں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں جس سے کارکنوں میں بے چینی پیدا ہوئی ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومتی امور شفافیت، میرٹ اور منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت کے مطابق چلائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق خط کی نقول پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات اور صوبائی صدر کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
