کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، جبکہ حکومت اور اپوزیشن نے یک زبان ہو کر چین کو پاکستان کا بہترین دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اس موقع پر چین کا اعلیٰ پارلیمانی وفد قومی اسمبلی پہنچا تو ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر وفد کا خیر مقدم کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کے معزز مہمانوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہے۔اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باعث اپوزیشن بائیکاٹ پر تھی، تاہم چینی وفد کے خیر مقدم کیلئے بائیکاٹ مؤخر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے اور پاکستانی قوم چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سید نوید قمر نے بھی چینی وفد کو خوش آمدید کہا اور پاک چین تعلقات کو خطے کیلئے اہم قرار دیا۔قرارداد کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے، جبکہ پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو نے چینی وفد سے خصوصی ملاقات بھی کی۔
