پاکستان ۵ اگست ۲۰۲۶

پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں پیشرفت، تکنیکی معاملات جلد حل کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (ویب نیوز) پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے جبکہ باقی ماندہ تکنیکی معاملات کو جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے مذاکرات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی اہم ترجیح ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ فریقین نے مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے، تکنیکی سطح پر بات چیت کو مزید تیز کرنے اور تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی تعاون سے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے مذاکرات میں پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے لیبر اور ریگولیٹری اصلاحات میں پیشرفت کو قابلِ تعریف قرار دیا اور جبری مشقت سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔