تازہ ترین ۱۴ اگست ۲۰۲۶

پاکستان ہماری زندگی، شناخت اور بقا کی ضمانت ہے؛ بلوچستان کی سیاسی قیادت کا یومِ آزادی پر پیغام

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور صوبائی اسمبلی کے ارکان نے پاکستان کی آزادی کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ہماری زندگی، شناخت اور بقا کی ضمانت ہے، جبکہ ملک کی قومی سالمیت، خودمختاری اور استحکام ہماری بقا کی بنیاد ہیں۔ صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، میر شعیب نوشیروانی، میر صادق عمرانی، سردار عبدالرحمن کھیتران، بخت محمد کاکڑ، نور محمد دمڑ اور میر عاصم کردگیلو، پارلیمانی سیکرٹریز حاجی ولی محمد نورزی، حاجی محمد خان لہڑی، سردار مسعود لونی، میر لیاقت لہڑی اور مینا مجید بلوچ جبکہ صوبائی اسمبلی کے ارکان شیخ زرک خان مندوخیل، حاجی محمد طور اتمانخیل، میر صمد گورگیج، میر عبید گورگیج اور میر علی مدد جتک نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ آزادی کا تحفظ اسی وقت ممکن ہے جب پوری قوم متحد ہو، ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی خدمت کی جائے اور اپنی قومی ذمہ داریاں اخلاص کے ساتھ ادا کی جائیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ آئین، قانون، مساوات اور انصاف کی فراہمی جمہوریت کی بنیادی روح ہے، اس لیے یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ملک کی تعمیر، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو مختلف اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور ملک کے اتحاد و قومی سالمیت کے خلاف ہر کوشش کو قومی یکجہتی، اتفاق اور مشترکہ عزم کے ذریعے ناکام بنایا جانا چاہیے۔ پیغامات میں مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت کو بھی سراہا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک کی دفاعی قوت کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ ہر قسم کے خطرے کے مقابلے میں مؤثر انداز میں وطن کا دفاع کیا جا سکے۔ سیاسی رہنماؤں نے آزادی کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں اور آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لیے ملک کے تحفظ اور ترقی کی ذمہ داری ہم سب کی مشترکہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ علم، محنت، اچھے کردار اور قومی شعور کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور عالمی وقار میں اپنا کردار ادا کریں۔ رہنماؤں نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کے ہر حصے کے تحفظ، امن، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے سب متحد رہیں گے اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔