پاکستان ۲۰ اگست ۲۰۲۶

پاکستان کا کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے متنازع بیان پر شدید احتجاج، ناظم الامور طلب

اسلام آباد (ویب نیوز) پاکستان نے بھارت میں تعینات امریکی سفیر سرجیو گور کے جموں و کشمیر سے متعلق متنازع اور حقائق کے منافی بیان پر امریکا سے شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو دفتر خارجہ طلب کرکے باضابطہ ڈی مارش حوالے کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے والے بیان کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور اس کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کا بیان مسئلہ کشمیر پر امریکا کے طویل عرصے سے قائم مؤقف، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں سے متصادم ہے۔ پاکستان نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کے حوالے سے ایسے بیانات سے گریز کیا جائے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کو بھی سراہا اور کہا کہ امریکی حکام کے عوامی بیانات مسئلہ کشمیر کی متنازع حیثیت کے مطابق ہونے چاہئیں۔