کوئٹہ (ویب نیوز) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پنجابی، سندھی، بلوچ، سرائیکی اور پشتون سب کا مشترکہ ملک ہے، یہاں کوئی آقا اور غلام نہیں، آئین و قانون کے مطابق تمام قومیتوں کو مساوی حقوق اور برابری ملنی چاہیے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام تین روزہ گرینڈ پشتون قومی جرگہ نواب ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں شروع ہوگیا، جس میں مختلف علاقوں سے پشتون قبائلی عمائدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ یہ جرگہ بنوں قومی جرگے کے فیصلوں کا تسلسل اور کسی ایک سیاسی جماعت کے بجائے پوری پشتون قوم کی بقا کا جرگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون علاقوں کی پہاڑیاں لیتھیم، سونے، چاندی، تانبے اور دیگر نایاب معدنیات سمیت بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، لیکن ان وسائل کے باوجود باصلاحیت پشتون نوجوان روزگار کے لیے بیرون ملک مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتون دہشت گرد نہیں بلکہ مہمان نواز، انسان دوست اور پرامن قوم ہیں، زیارت سانحے سمیت خونریز واقعات اور بدامنی کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ موجودہ حالات میں پشتونوں کی جان، مال اور عزت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، پشتون قوم کا آخری راستہ بھی سیاسی مذاکرات ہیں، ہم کسی سے بھیک نہیں مانگتے بلکہ اپنی سرزمین کے وسائل پر جائز اور آئینی حق چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کے مستقبل کے فیصلے اسی گرینڈ قومی جرگے میں ہوں گے۔ جرگہ انتظامیہ کے مطابق تین روزہ گرینڈ پشتون قومی جرگہ یکم ستمبر تک جاری رہے گا۔
