پاکستان ۳ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام، بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ویب نیوز) پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ہلاک ہونے والوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے اور مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔