پاکستان ۹ مئی ۲۰۲۶

پاکستان جنگ میں کامیابی کے ساتھ امن کا بھی داعی ہے، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد(یو این اے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ میں کامیابی کے ساتھ امن کا بھی داعی ہے اور ملک ہمیشہ یہ مؤقف رکھتا آیا ہے کہ امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ دشمن کو ایسا بھرپور جواب دیا گیا کہ وہ چند گھنٹوں میں سیز فائر پر مجبور ہوگیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا، نوجوانوں، سوشل میڈیا صارفین اور تمام طبقوں نے بیانیے کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاکستان آج دنیا میں امن اور استحکام کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔