تازہ ترین ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان توڑنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی ,بیرون ملک بیٹھے عناصر نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ وزیر اعلی سرفراز بگٹی

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انسرجنسی نہیں ہے بلکہ چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی کی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں، ایسے عناصر پاکستان کو کیک کی طرح تقسیم کرنا چاہتے ہیں تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں 21 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر دنیش کمار، معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جس سے نہ نوجوانوں کو کچھ حاصل ہوگا اور نہ ہی صوبے کے مستقبل کو کوئی فائدہ پہنچے گا۔ غیر متوازن ترقی اور پسماندگی کو بلوچستان میں بدامنی کی مرکزی وجہ قرار دینا درست نہیں، کیونکہ یہ مسئلہ پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں موجود ہے لیکن ترقی کے لیے کہیں بندوق نہیں اٹھائی جاتی اور نہ ہی ناحق خون بہایا جاتا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حقائق اور تصور میں فرق کو سمجھیں اور اپنے صوبے کی درست تاریخ سے آگاہی حاصل کریں۔ بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصر منظم پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں، اس لیے نوجوان تعلیم، ترقی اور روشن مستقبل پر توجہ دیں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کم کرنے کے لیے نوجوانوں کو ہر سطح پر سنا جا رہا ہے۔ میرٹوکریسی کے فروغ سے ہی نوجوانوں کو ان کا جائز حق دیا جا سکتا ہے۔ بلوچستان میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ملازمتوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، کوئی حقدار اپنے حق سے محروم نہیں رہے گا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ دو سال کے دوران پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر سو فیصد پیش رفت ہوئی ہے۔ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو فعال اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو متحرک کر دیا گیا ہے، جس نے ترقیاتی پروگراموں کے معائنے کا آغاز ان کے اپنے حلقے سے کیا تاکہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ احتساب کا عمل بلاامتیاز ہوگا۔ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور اس کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے ڈھائی گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سوال و جواب کے سیشن میں ملک بھر سے آئے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔